بھٹکل 3؍فروری (ایس اونیوز) انجمن کالج فور ویمن بھٹکل کی طالبات کا نمایاں کامیابی حاصل کرنے کا سلسلہ برابر جاری ہے اور طالبات نہ صرف یونیورسٹی لیول پر رینک حاصل کررہی ہیں، بلکہ کالج کی کامیابی کے تناسب میں بھی سال درسال اضافہ کررہی ہیں۔ نومبر/ڈسمبر 2016 میں ہوئے امتحانات میں انجمن کالج کی طالبات نے پھر ایک بار شاندار کامیابی درج کرتے ہوئے پوری ریاست میں بھٹکل کا نام روشن کردیا ہے۔ فائنل کے نتائج کو دیکھ کر توقع کی جارہی ہے کہ اس بار بھی ٹاپ ٹین کی یونیورسٹی رینکنگ میں بھٹکل انجمن کی طالبات کا نام درج ہونا طئے ہے۔
کالج پرنسپال محترمہ رئیسہ شیخ کی جانب سے جاری کردہ اخباری بیان کے مطابق امسال بی ایس سی فرسٹ سیمسٹر میں کالج کی کامیابی کا تناسب 91.10فیصد، بی ایس سی تھرڈ سیمسٹر کا تناسب 88.30 فیصد اور بی ایس سی ففتھ سمیسٹر کی کامیابی کا تناسب 97.6 فیصد درج کیا گیا ہے۔ بی کام فرسٹ سمیسٹر میں کامیابی کا تناسب 90.20 فیصد ، بی کام تھرڈ سمیسٹر میں کامیابی کا تناسب 87.60 فیصد اور بی کام ففتھ سمیسٹر کی کامیابی کا تناسب 94.30 فیصد ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح بی اے فرسٹ سمیسٹر میں کالج کی کامیابی کا اوسط 91.10 فیصد، تھرڈ سمیسٹر میں 91.20 فیصد اور ففتھ سمیسٹر میں 90.60 فیصد درج کیا گیا ہے۔
بی ایس سی فرسٹ سمیسٹر میں مریم سمرن بنت سید سلیم پیرزادے 89.40 فیصد اوسط کے ساتھ اول نمبر پر ہیں، بی ایس سی تھرڈ سمیسٹر میں بی بی صالحہ بنت ضیاء الدین کولا 92.40 فیصد اوسط کے ساتھ اول نمبر پر ہیں جبکہ بی ایس سی ففتھ سمیسٹر میں رابعہ بسری بنت حسن ہیگڈے 91.80 فیصد اوسط کے ساتھ کالج میں اول نمبر پر ہیں۔ خیال رہے کہ بی ایس سی فرسٹ سمیسٹر میں 45 طالبات میں 41 کامیاب رہی ہیں جس میں 29 طالبات نے ڈسٹنکشن کے ساتھ کامیابی درج کی ہے، بی ایس سی تھرڈ سمیسٹر میں 43 میں 38 طالبات کامیاب رہی ہیں جس میں33 طالبات نے ڈسٹنکشن لیا ہے، جبکہ بی ایس سی ففتھ سمیسٹر میں 43 طالبات نے امتحانات میں حصہ لیا تھا جس میں صرف ایک طالبہ ناکام رہی اور دیگر سبھی 42 طالبات نے شاندار کامیابی درج کی، 42 میں 36 طالبات نے امتیازی کامیابی درج کی ہیں۔
بی کام امتحان میں شاندارکامیابی کی خاص بات یہ ہے کہ فرسٹ سمیسٹر میں کافی زیادہ تعداد یعنی 103 طالبات شریک ہوئی تھیں، جس میں 93 کامیاب رہی ہیں، 56 طالبات نے امتیازی کامیابی درج کی ہیں۔ تھرڈ سمیسٹر میں 81 میں 71 کامیاب رہی ہیں جس میں 40 نے امتیازی نمبرات کے ساتھ کامیاب ہوئیں ہیں، جبکہ بی کام ففتھ سمیسٹر میں 53 میں 50 طالبات کامیاب رہی ہیں جس میں 36 نے ڈسٹنکشن حاصل کیا ہے۔بی کام اول میں نیسمہ زرین بنت محمد علی صدیقہ نے 91.10 فیصد اوسط کے ساتھ ٹاپ کیا ہے، بی کام تھرڈ سمیسٹر میں فرحین دلکش بنت محمد اٰمین معلم نے 97.10 فیصد اوسط کے ساتھ زبردست کامیابی درج کی ہے۔ جبکہ بی کام ففتھ سمیسٹر میں نفیسہ نشویٰ بنت محمد جعفر صادق عسکری نے 94.80 فیصد اوسط کے ساتھ نمایاں کامیابی درج کی ہے۔
بی اے فرسٹ سمیسٹر میں اس بار 45 میں 41طالبات کامیاب رہیں جس میں 23 نے ڈسٹنکشن حاصل کیا، تھرڈ سمیسٹر میں 57 میں 52 نے کامیابی درج کی جس میں 33 نے ڈسٹنکشن حاصل کیا، جبکہ بی اے ففتھ سمیسٹر میں 43 طالبات میں 39 کامیاب ہوئی ہیں جس میں 32 نے امتیازی کامیابی درج کی ہیں۔ بی اے فرسٹ سمیسٹر میں مریم اِلاف بنت قادر میراں پٹیل نے 86.40 فیصد اوسط، تھرڈ سمیسٹر میں تہیہ تسکین بنت عبداللہ شیخ نے 90 فیصد اوسط اور نفیسہ نُذریٰ بنت محمد محسن صدیق نے 89 فیصد اوسط کے ساتھ نمایاں کامیابی درج کی ہیں۔
انجمن کالج فور ویمن کی طالبات کی شاندار کامیابی پر ادارہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر جناب عبدالرحیم جوکاکو، جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل اور ایڈیشنل سکریٹری محمد اسحاق شاہ بندری نے نہایت خوشی کا اظہار کیا ہے اور سبھی طالبات کو مبارکباد پیش کی ہیں،صدر جناب عبدالرحیم جوکاکو نے بتایا کہ گذشتہ آٹھ دس سالوں سے انجمن کالج کے نتائج بے حد بہتر ہوئے ہیں ا ور اس میں مزید بہتری لانے ہرممکن اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نتائج میں بہتری لانے میں طالبات کی خودکی دلچسپی کے ساتھ ساتھ اُن کے والدین کی نگرانی اوراُن کی سرپرستی بے حد ضروری ہوتی ہے، جس کے ساتھ ساتھ کالج لیکچررس کی تمام طالبات کے پیچھے بہترین خدمات اور رہنمائی رہتی ہے،جس کے نتیجے میں اتنے شاندار نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے شاندار کامیابی پر طالبات کے ساتھ ساتھ اُن کے والدین اور سرپرستوں نیز کالج پرنسپال اور دیگر لیکچروں کو بھی مبارکباد پیش کی۔